اہل بیت(ع) انٹرنیشنل نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے وزیرِ داخلہ سید محسن رضا نقوی اپنے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ مشہد مقدس پہنچے، جہاں انہوں نے حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضۂ منورہ کی زیارت کی۔
وزیرِ داخلہ کی مشہد آمد پر خراسان رضوی کے سیاسی و سماجی امور کے معاون محمدعلی نبیپور نے فرودگاہ شہید ہاشمینژاد پر ان کا استقبال کیا۔

بعد ازاں ملاقات میں محمدعلی نبیپور نے پاکستانی وزیر کو بتایا کہ مشہد، زیارت کے ساتھ ساتھ صحت کے شعبے میں طبی سیاحت کے حوالے سے بھی پاکستانی زائرین کے لیے منفرد صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت زائرینِ پاکستانی کے لیے بہترین سہولیات کی فراہمی کو اپنی ترجیح سمجھتی ہے۔
وزیرِ داخلہ پاکستان نے زائرینِ پاکستانی کے لیے مشہد کی شاندار میزبانی پر ایرانی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ایران کو اپنا برادر اور قریبی دوست ملک سمجھتے ہیں۔
نبیپور نے اس موقع پر کہا کہ "ایران کے لیے پاکستان کی حمایت، خصوصاً ۱۲ روزہ جنگ کے دوران، دوستی کی ایک مضبوط علامت ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "پاکستانی مہمانوں کی میزبانی مشہد کے عوام کے لیے باعثِ افتخار ہے۔"
واضح رہے کہ سید محسن رضا نقوی نے مشہد آمد سے قبل تہران میں اکو وزرائے داخلہ اجلاس میں شرکت کی تھی اور اجلاس کے دوران ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر علی لاریجانی سے بھی ملاقات کی۔
ڈاکٹر لاریجانی نے ملاقات میں کہا کہ ایران و پاکستان کے درمیان تعلقات کو موجودہ تعاون سے آگے بڑھا کر اسٹریٹجک شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے حالیہ تزویراتی معاہدے کو خطے کے مشترکہ خطرات کے مقابل ایک مثبت اور دانشمندانہ اقدام قرار دیا۔

وزیرِ داخلہ پاکستان نے جواباً کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور سیکیورٹی روابط گہرے اور پائیدار ہیں، اور اسلام آباد ایک مستحکم، ترقی یافتہ اور مضبوط ایران کا خواہاں ہے۔
آپ کا تبصرہ